پاکستانی بحری شعبے میں خود انحصار ی کا آغاز ، وصولیاں 7 ارب ہو گئیں

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم ٹاسک فورس کی اصلاحات کے تحت پاکستانی بحری شعبے میں خود انحصاری اور جدیدیت کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بندرگاہی کارکردگی، تجارت اور کارگو کی ترسیل میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے بندرگاہی آپریشنز بہتر بنانے کے لیے 99 قابلِ عمل اصلاحاتی اقدامات کی نشاندہی کی، جن میں سے 85 اقدامات مکمل کرلئے  گئے ہیں۔ڈریجنگ کے عمل میں خود انحصاری بڑھاتے ہوئے بندرگاہوں کی مطلوبہ گہرائی برقرار رکھنے کی صلاحیت حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ ڈریجنگ کی استعداد میں مزید توسیع کرکے بحری جہازوں کی آمدورفت اور کارگو فلو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔بندرگاہی اصلاحات کے نتیجے میں مالی وصولیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 3 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال 7 ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔ میری ٹائم ٹاسک فورس کی سفارشات پر طویل عرصے سے رکے ہوئے 2 ہزار سے زائد کنٹینرز کو آف ڈاک ٹرمینلز منتقل کردیا گیا ہے۔