پلاٹوں کی فروخت اور کمرشل فیس وصول نہ کرنے سے خسارہ بڑھا
لاہور (کرائم رپورٹر) ایل ڈی اے کی آمدن میں کمی اور ریکوری نہ ہونے سے خسارے کا سامنا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر نان ریکوری ایریا کی نشاندہی کر دی گئی۔ تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے اربوں روپے کی ریکوری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پلاٹوں کی فروخت ،اقساط اور کمرشل فیس وصول نہ کرنے سے خسارہ بڑھا ۔ایل ڈی اے کو پلاٹوں کی نیلامی سے بھی خاطر خواہ آمدن حاصل نہ ہوسکی۔ ایل ڈی اے نے کمرشل فیس کی مد میں ڈیفالٹرز سے ریکوری نہیں کی۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ٹا ئون پلاننگ اور انجینئرنگ کی مبینہ بے ضابطگیاں کے باعث لاہور میں مختلف املاک سے سالانہ و مستقل کمرشل فیس کی وصولی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ کمرشل فیس وصول نہ کرنے پر سرکاری خزانے کا اربوں روپے کا نقصان کیا گیا۔ آڈیٹر جنرل نے 3 کیسز میں اعتراضات عائد کر دئیے۔ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکا ئونٹس کمیٹی نے ایل ڈی اے افسروں کو 11 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ڈائریکٹر اے ڈی ایس ون اور ٹو، 4 ڈائریکٹر ٹا ئون پلاننگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اکا ئونٹس کو طلب کر لیا گیا۔۔ٹا ئون پلاننگ فور نے سالانہ کمرشلائزیشن اور سرچارج کی رقم وصول نہ کی،سالانہ کمرشلائزیشن فیس کی مد میں ایک ارب پانچ لاکھ روپے کی ریکوری نہیں کی گئی۔نومبر 2021 آڈٹ رپورٹ میں میں اٹھائے گئے اعتراضات کو دور نہیں کیا گیا۔