حکومتی ٹیم کی جماعت اسلامی وفد کو بریفنگ‘سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی

 ٹارگٹڈ سبسڈی مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے:علی پرویز ملک‘پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جاسکتی ہیں:لیاقت بلوچ
اسلام آباد(مانیٹرنگ  ڈیسک) جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفاقی وزراء￿  علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، وفد کو پٹرولیم سیکٹر اور ایندھن کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی، حکومت صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔جماعت اسلامی نے حکومت کے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا، لیاقت بلوچ نے پٹرولیم لیوی میں کمی سمیت بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے، ٹارگٹڈ سبسڈی مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزرا کی جانب سے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پر عوام کا دباؤ بالکل واضح ہے، اب یہ وزیراعظم پر ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی کے تیل کے اتار چڑھاؤ کے ہوتے ہوئے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جا سکتی ہیں۔