وزیراعظم نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز دیں:چیف جسٹس یحیی آفریدی ‘ لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات میں تیزی لائی جائیگی:وزیراعظم کی یقین دہانی

چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات ٹیکس کیسوں کا  جلد فیصلہ کیا جائے شہبازشریف

معاشی استحکام فرد واحد نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا، ہماری برآمدات بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کر یں گی‘ ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے:اقتصادی مشاورتی کونسل اجلاس سے خطاب
 بحرین کے سرمایہ کار  پاکستان میں سرمایہ کاری کریں‘ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ و ثقافت پر مبنی ہیں، پارلیمانی وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں: بحرین کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس ہائوس میں جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے چیف جسٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے چیف جسٹس کے دور دراز علاقوں کے دوروں کو سراہا جبکہ انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بھی تعریف کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ملکی معاشی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی اور مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے چیف جسٹس سے زیرالتوا ٹیکس کیسز کے میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی جبکہ چیف جسٹس نے وزیراعظم سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگیں۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی جانب سے نظام انصاف کی بہتری کیلئے وزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کیا گیا اور وزیراعظم کی جانب سے چیف جسٹس کو لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی‘دریں اثناء  شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے۔اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں  کونسل ارکان نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  مستقبل کے لیے تجاویز دیں، جس کا وزیر اعظم نے خیر مقدم کیا۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی استحکام فرد واحد نہیں، بلکہ پوری ٹیم کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔ معیشت کی پائیدار ترقی کے حوالے سے مزید محنت کے لیے پر عزم ہیں۔ خطے میں تجارت کے فروغ کی موجودہ استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کو اس قابل بنائیں گے کہ ہماری برآمدات بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کر سکیں۔ صنعت، زراعت آئی ٹی کی ترقی، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملک میں گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام کیلیے بھی حکومت کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلی کمیونی کیشن سروسز کی بہتری اور دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی رسائی سے آئی ٹی برآمدات اور فری لانسرز کی تعداد میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔ اسی طرح ڈیجیٹل کرنسی کو ریگیولیٹ کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آج کی تعمیری گفتگو کو قابل عمل منصوبے میں تبدیل کرنا ہے‘علاوہ ازیں  شہباز شریف نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کی مجلس النواب کے سپیکر احمد بن سلمان ال مسالم کی قیادت میں 11 رکنی پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بحرین کے فرمانروا عزت مآب حمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے پاکستان اور بحرین کے موجودہ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ و ثقافت پر مبنی ہیں، عوامی رابطوں کو مزید بڑھانے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں، ایسے اقدامات سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے