خیبرپختونخوا میں نااہلی،نالائقی اور کرپشن چیخ چیخ کر بتا رہی صوبہ چور اچکوں کے رحم کرم پر ہے
صوبے کے وزیراعلی کو اپنے عوام سے زیادہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی فکر ہے:وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں طبی عملہ احتجاج کررہا اور ہڑتالیں کررہا ہے، جبکہ سہیل آفریدی کابینہ سمیت لاہور میں سیر سپاٹے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کررہے ہیں، جبکہ کے پی میں میڈیکل سٹور ایسوسی ایشن کی ہڑتال الگ سے جاری ہے۔خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں مریض اور ان کے لواحقین دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے عملے کا بھی احتجاج جاری ہے۔ خیبرپختونخوا عملی طور پر دو دن سے لاوارث ہے۔خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز، میڈیکل سٹورز اور اساتذہ ہڑتالیں کررہے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنی مرضی سے لکشمی چوک کے فٹ پاتھ پر بیٹھیں تو یہ کے پی کے خلاف سازش کہتے ہیں۔ سہیل آفریدی اور ان کی کابینہ نے لاہور کی ترقی دیکھ لی ہے تو جائیں اپنے صوبے کی خبر لیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نااہلی، نالائقی اور کرپشن چیخ چیخ کر بتارہی ہے کہ صوبہ چور اچکوں کے رحم و کرم پر ہے۔ صوبے کے وزیراعلیٰ کو اپنے عوام سے زیادہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی فکر ہے۔