جن لوگوں کا سیاست میں کام نہیں ، وہ بھی مداخلت کررہے ہیں سہیل آفریدی

بند کمروں کے فیصلے  مزید قبول نہیں ،دہشتگردی کو شکست دے کر  ہر حال میں امن بحال کریں گے ‘وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے
 افسروں کے معاملات میں  سیاسی مداخلت نہیں ہو گی مگر رزلٹ دینا ہو گا، کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس ہے، کسی کو  رعایت نہیں ہو گی:پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب 
پشاور(آئی این پی ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی  نے کہا ہے   جن لوگوں کا سیاست میں کام نہیں ہے، وہ پھر بھی مداخلت کررہے ہیں،صوبے میں ہرحال میں امن بحال کریں گے، بند کمروں کے فیصلے اب مزید قبول نہیں،  ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیکر صوبے میں ہر حال میں امن بحال کریں گے،پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی کا کہنا تھا موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبرپختونخوا 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے، پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا جس جوانمردی سے پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے، اللہ تعالی کی رضا اور عوام کے مفاد کیلئے لڑیں گے توجیت ہماری ہوگی۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا  خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے۔ بند کمروں کے فیصلے اب مزید قبول نہیں۔ پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے، پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے