پاکستان میں ابتدائی تعلیم کی صورتِ حال تشویشناک ہے: احسن اقبال

پاکستان میں ابتدائی تعلیم کی صورتِ حال تشویشناک ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں ابتدائی تعلیم کی ابتر صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، اور پاکستان کو آگے بڑھنے کے لیے اپنی شرح خواندگی کو 90 فیصد تک لے جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم (ہائر ایجوکیشن) کی شرح محض 13 فیصد ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک اس میدان میں پاکستان سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ بھارت کی ہائر ایجوکیشن کی شرح 30 فیصد، بنگلا دیش کی 35 فیصد اور چین کی 70 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔احسن اقبال نے بتایا کہ 2019ء کے بعد تعلیمی بجٹ میں کمی کے باعث یہ شرح مزید متاثر ہوئی اور تعلیمی بجٹ کم ہو کر صرف 1.5 فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تعلیم کے لیے وسائل مختص کرنے ہوں گے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔