وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی ترقی میں ان کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے خطے میں امن، استحکام، باہمی تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔