پاکستانی ننھے اسٹار احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے

پاکستانی ننھے اسٹار احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: پاکستان کے مشہور ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔

عمر شاہ کی عمر ابھی بہت کم تھی اور وہ بالکل صحت مند تھے۔اہل خانہ کے مطابق عمر شاہ کی طبیعت رات گئے اچانک خراب ہوئی۔ قے آنے کی وجہ سے کھانے یا کوئی چیز ان کی سانس کی نالی میں پھنس گئی۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ فجر کے وقت دم توڑ گئے۔عمر شاہ کی وفات سے ایک ہفتہ قبل احمد شاہ اور ان کے بھائی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی، جس میں دونوں اسکول سے واپسی پر اپنے کزن کے ساتھ خوشگوار انداز میں دکھائی دے رہے تھے۔ ویڈیو میں عمر اپنے چاچو سے نیا اسکول بیگ مانگتے نظر آتے ہیں جبکہ احمد نے کھیلوں کے لیے گرین یونیفارم کی خواہش ظاہر کی تھی۔ یہ معصوم فرمائشیں ان کی زندگی کی آخری جھلکیاں ثابت ہوئیں۔

عمر شاہ کے انتقال کی اطلاع پیر کی صبح احمد شاہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر دی۔ خبر سامنے آتے ہی مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین نے ننھے عمر کے لیے دعائیں اور تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔عمر شاہ کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ ان کے مداحوں کو بھی غمزدہ کر دیا ہے۔ ننھے اسٹار کی معصوم مسکراہٹ اور سادگی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔