یو اے ای میں یومِ اتحاد کی شاندار تقریبات کا اعلان، طویل ویک اینڈ کا امکان

یو اے ای میں یومِ اتحاد کی شاندار تقریبات کا اعلان، طویل ویک اینڈ کا امکان

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں یومِ اتحاد (قومی دن) 2 دسمبر کو شاندار تقریبات کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر سرکاری تعطیلات 2 اور 3 دسمبر (منگل اور بدھ) کو ہوں گی، جبکہ ویک اینڈ کے باعث عوام کو چار روزہ طویل ویک اینڈ ملنے کا امکان ہے، جو ملکی قوانین کے تحت پانچ دن تک بھی بڑھ سکتا ہے۔

اس سال یو اے ای اپنے قیام کے 54 برس مکمل کر رہا ہے۔ مرکزی تقریب میں اماراتی قیادت شرکت کرے گی جس کا مقام تاحال خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم امکان ہے کہ یہ کسی اہم ثقافتی اور قومی مقام پر ہوگی۔ اسٹریٹجک اور تخلیقی امور کے ڈائریکٹر عیسیٰ السبوسی کے مطابق تقریبات کا آغاز "یونین پلیج ڈے" سے ہوگا جو اتحاد اور باہمی تعاون کی علامت ہے۔

گزشتہ برس یہ تقریب جبیل حفیت، العین میں منعقد ہوئی تھی جس نے روایات، ثقافت اور مستقبل کے وژن کو نمایاں کیا تھا۔ رواں برس بھی ملک بھر کے مختلف مقامات جیسے گلوبل ولیج، فیسٹیول پرومنیڈ، ہتہ، آؤٹ لیٹ ولیج مال اور قرآنی پارک میں تقریبات کا انعقاد ہوگا۔

منتظمین نے شہریوں اور تارکینِ وطن سب کو دعوت دی ہے کہ وہ اس یادگار جشن میں بھرپور شرکت کریں۔