پاک چین دوستی آئرن برادرز کے طور پر ہر شعبے میں ترقی کرتی رہے گی آصف زرداری

پاک چین دوستی ہر موسم کی شراکت داری، یہ دوستی پھلتی پھولتی رہے گی‘ پاکستانی حکومت چینی کارکنوں کے لئے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانے کے لئے حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کرے گی
شنگھائی الیکٹرک نے روزگار کے مواقع اور سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، شنگھائی الیکٹرک  پاکستان کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام میں سرمایہ کاری کرے‘صدر‘ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی یادگار کادورہ
 شنگھائی (آئی این پی‘آن لائن )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے پاک چین دوستی ہر موسم کی شراکت داری، یہ دوستی پھلتی پھولتی رہے گی اور    آئرن برادرز کے طور پر  ہر شعبے میں ترقی کرتی رہے گی۔صدر آصف علی زرداری نے شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے پہلے نیشنل کانگریس میموریل کا دورہ کیا ۔صدر نے  مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبندکرتے ہوئے لکھا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی یادگار کا دورہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔یہ تاریخی مقام چین کو عالمی طاقت بنانے میں کمیونسٹ پارٹی کا کردار واضح کرتا ہے۔ صدر مملکت نے  لکھا، پاکستان کی عوام کی جانب سے چین کے تاریخی سفر کا احترام۔ صدر مملکت کا کہناتھا صدر شی چن پنگ کی بصیرت افروز قیادت نے دوستی کی رفتار کو تیز کر دیا ہے۔صدر شی کے وژن کی بدولت چین بڑی عالمی اقتصادی طاقت بن گیا۔ آئرن برادرز کے طور پر ہماری دوستی ہر شعبے میں ترقی کرتی رہے گی۔ پاک چین دوستی ہر موسم کی شراکت داری، یہ دوستی پھلتی پھولتی رہے گی۔"پاک چین دوستی زندہ باد":دریں اثناء صدر آصف علی زرداری کی شنگھائی الیکٹرک کے چیئرمین وُو لی سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں شنگھائی الیکٹرک کے پاکستان میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ صدر نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں شنگھائی الیکٹرک کے کردار کو سراہااور کہا کہ شنگھائی الیکٹرک نے روزگار کے مواقع اور سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔صدر مملکت نے شنگھائی الیکٹرک کو پاکستان کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔صدر زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ اگر کوئی زیر التوا مسائل ہوئے تو انہیں دوستانہ اور باہمی تعاون کے جذبے کے تحت حل کیا جائے گا۔شنگھائی الیکٹرک کے سی ای او نے پاکستان میں اپنے ملازمین کے لیے فراہم کردہ سیکیورٹی انتظامات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے مزید یقین دلایا  پاکستانی حکومت چینی کارکنوں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کرے گی۔