لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطالبے پر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیے جانے کی صورت میں پاکستان نے ایشیا کپ کے مزید کسی میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے مطالبے پر اگر آئی سی سی نے میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے مزید کسی میچ میں حصہ نہیں لے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپرٹ آف دی کرکٹ کی پاسداری نہ کرنے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی کھلاڑیوں نے دانستہ طور پر پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، میچ ریفری نے جان بوجھ کر کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روکا۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو برطرف کر دیا ‘ عثمان واہلہ کو آئی سی سی کو خط دیر سے لکھنے پر برطرف کیا گیا ہے ۔