ویب ڈیسک: کینسر میں مبتلا ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اداکارہ انجلین ملک نے مداحوں کو صحت کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ صرف 20 فیصد مریض ابتدائی مرحلے میں کینسر کی سنگین علامات کو پہچان پاتے ہیں، جبکہ دیگر مریض جیسے وہ خود، بیماری کو تاخیر سے شناخت کرتے ہیں۔انجلین ملک کے مطابق بیضہ دانی کے کینسر کی ابتدائی علامات میں شامل ہیں:
پیٹ میں اپھار یا گیس
بھوک نہ لگنا
وزن میں اچانک کمی یا اضافہ
ماہواری میں بے قاعدگی
بار بار پیشاب آنا
اداکارہ نے مداحوں کو ہدایت کی کہ ان علامات کو نظر انداز نہ کریں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ایک سادہ ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کے ذریعے اس کینسر کی بروقت تشخیص ممکن ہے۔اپنی مثال دیتے ہوئے انجلین نے بتایا کہ سفر کے دوران انہیں پیٹ میں اپھارہ محسوس ہوا، جسے انہوں نے نظر انداز کیا۔ دو ماہ بعد مسلسل علامات کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کروایا، جس کے نتیجے میں بیضہ دانی کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔انجلین ملک نے اپنے پیغام میں مداحوں کو مشورہ دیا کہ جسم میں مستقل تبدیلی محسوس ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ ویڈیو میں دی گئی معلومات صرف معلوماتی مقاصد کے لیے ہیں اور یہ طبی مشورہ نہیں، لہذا صحت کے کسی مسئلے کے لیے ہمیشہ طبی ماہر سے رجوع کریں۔