ویب ڈیسک: بھارتی شہر بنگلورو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک سرجن نے اپنی ڈاکٹر بیوی کو جان لیوا انجیکشن لگا کر قتل کر دیا۔
پولیس نے چھ ماہ کی تحقیقات کے بعد آخرکار ملزم کو گرفتار کر لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 21 اپریل 2025 کو پیش آیا، جب جنرل سرجن ڈاکٹر مہندرا ریڈی نے اپنی اہلیہ، ماہر امراضِ جِلد ڈاکٹر کرُتھیکا ریڈی کو ان کے گھر پر بے ہوشی کی دوا پروپوفول (Propofol) کی زیادہ مقدار دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔واقعے کے بعد ملزم خود ہی اپنی بیوی کو قریبی اسپتال لے گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ابتدائی طور پر موت کو قدرتی یا حادثاتی قرار دیا گیا، مگر پولیس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے کینولا سیٹ، انجیکشن ٹیوب اور دیگر طبی آلات برآمد کیے، جنہیں فرانزک معائنے کے لیے بھیجا گیا۔فرانزک رپورٹ میں مقتولہ کے جسم میں پروپوفول کی بڑی مقدار پائی گئی، جس سے واضح ہو گیا کہ موت انجیکشن کے ذریعے دی گئی دوا کی زیادتی سے ہوئی ہے۔
رپورٹ منظرِ عام پر آنے کے بعد مقتولہ کے والد نے 13 اکتوبر کو اپنے داماد کے خلاف درخواست درج کروائی، جس پر پولیس نے 14 اکتوبر کو ملزم کو ساحلی شہر منی پال سے گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق پولیس اب واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے، جس میں قتل کے محرکات اور ملزم کے ممکنہ منصوبہ بندی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔