بھارتی ریاست اتر پردیش میں مرچنٹ نیوی آفیسر کی بیوی شادی کے پانچ ماہ بعد مردہ پائی گئی، شوہر گرفتار

بھارتی ریاست اتر پردیش میں مرچنٹ نیوی آفیسر کی بیوی شادی کے پانچ ماہ بعد مردہ پائی گئی، شوہر گرفتار

بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں مرچنٹ نیوی آفیسر کی بیوی شادی کے صرف پانچ ماہ بعد اپنے گھر میں مردہ پائی گئی، جس کے بعد پولیس نے اس کے شوہر انوراگ سنگھ کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ مدھو سنگھ کی شادی رواں سال 25 فروری کو انوراگ سنگھ سے ہوئی تھی، جو ہانگ کانگ میں واقع ایک شپ مینجمنٹ کمپنی میں سیکنڈ آفیسر کے طور پر کام کرتا ہے۔

جہیز کا مطالبہ اور تشدد
مدھو کے والد فتح بہادر سنگھ کے مطابق انوراگ نے شادی کے وقت 15 لاکھ روپے جہیز کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مدھو کا خاندان صرف 5 لاکھ روپے دینے کی استطاعت رکھتا تھا۔ اہل خانہ نے پولیس کو فراہم کردہ واٹس ایپ پیغامات میں بھی انوراگ کو جہیز کے لیے اصرار اور دباؤ ڈالتے دیکھا گیا۔فتح بہادر نے شکایت میں بتایا کہ شادی کے فوراً بعد انوراگ نے مدھو پر جسمانی تشدد شروع کر دیا۔ ہولی کے بعد پہلی بار مدھو والدین کے گھر مارپیٹ کے بعد واپس آئی تھی۔ اس کے بعد جب والد نے باقی رقم ادا کی تو انوراگ نے مدھو کو واپس بلا لیا، لیکن تشدد کا سلسلہ جاری رہا۔

مدھو کی بہن کے انکشافات
مدھو کی بہن پریا نے بتایا کہ مدھو ایک خوش مزاج اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی، لیکن انوراگ اسے کسی سے بات کرنے کی اجازت نہیں دیتا تھا۔ وہ اس کی فون کالز، چیٹس، یہاں تک کہ آن لائن آرڈر تک چیک کرتا تھا۔ ہم صرف اس وقت بات کر پاتے تھے جب وہ شہر سے باہر ہوتا۔پریا نے بتایا کہ آخری گفتگو میں مدھو نے کہا کہ انوراگ نے اسے اس لیے مارا کیونکہ وہ گاڑی چلاتے وقت سڑک کے بائیں جانب رہ رہی تھی، اور اسے شک ہوا کہ شاید وہ سڑک پر کھڑے مردوں کو دیکھ رہی تھی۔

آڈیو کلپ اور مزید الزامات
پریا نے پولیس کے ساتھ ایک آڈیو کلپ بھی شیئر کیا، جس میں مدھو کہتی ہے:"مجھے بہت مارا، کیونکہ میں نے شراب کی بوتل اس کے سامنے نہیں رکھی تھی۔"مدھو کے والد نے الزام لگایا کہ انوراگ کا اپنی سابق گرل فرینڈ سے ناجائز تعلق بھی تھا۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ مدھو حاملہ تھی لیکن انوراگ نے زبردستی اس کا اسقاط حمل کروایا۔

واقعے کے دن کی تفصیل
شکایت کے مطابق 3 اگست کو مدھو نے اپنی بہن کو بتایا کہ انوراگ نے دوبارہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اگلے دن، یعنی 4 اگست کو شام 4:32 بجے، انوراگ نے اطلاع دی کہ مدھو نے خودکشی کر لی۔مدھو کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے کہ بیٹی کو قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کی کارروائی
پولیس نے انوراگ سنگھ کو بیوی پر ظلم اور جہیز مخالف قانون کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مدھو کی موت کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔