ویوو نے دنیا کا پہلا کیمرا کٹ والا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا

ویوو نے دنیا کا پہلا کیمرا کٹ والا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا

ویب ڈیسک: اسمارٹ فون بنانے والی معروف چینی کمپنی ویوو (Vivo) نے جدید ٹیکنالوجی میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کا پہلا کیمرا کٹ والا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی نے ’ویوو ایکس 300‘ اور ’ویوو ایکس 300 پرو‘ لانچ کرتے ہوئے ان میں پیشہ ورانہ فوٹوگرافی کے لیے کیمرا کٹ (Camera Kit) بھی شامل کیا ہے — جو کہ لینس اور دیگر فوٹوگرافی آلات پر مشتمل ہے۔ویوو کے مطابق ایکس 300 میں 6.31 انچ جبکہ ایکس 300 پرو میں 6.78 انچ کی اسکرین دی گئی ہے۔ایکس 300 میں 6040 mAh اور ایکس 300 پرو میں 6510 mAh کی طاقتور بیٹری موجود ہے، جو 40 واٹ فاسٹ چارجنگ اور 90 واٹ وائرلیس چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔دونوں فونز کو 12 اور 16 جی بی ریم اور 256 یا 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز کے ساتھ اینڈرائیڈ 16 آپریٹنگ سسٹم پر متعارف کرایا گیا ہے۔ فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر جدید فیچرز بھی شامل ہیں۔کیمرے کے حوالے سے، ایکس 300 کے بیک پر 200 میگا پکسل مین کیمرا جبکہ دیگر دو کیمرے 50، 50 میگا پکسل کے دیے گئے ہیں۔ ایکس 300 پرو میں بھی تین کیمرے موجود ہیں مگر اس کے فیچرز اور لینس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

دونوں ماڈلز میں 50 میگا پکسل فرنٹ کیمرا موجود ہے، تاہم ایکس 300 پرو کے ساتھ فراہم کی جانے والی کیمرا کٹ فوٹوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارف کیمرا کٹ استعمال نہ بھی کرے تو کیمرے کے نتائج میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔قیمت کے لحاظ سے ویوو ایکس 300 کی ابتدائی قیمت 1 لاکھ 70 ہزار روپے جبکہ ایکس 300 پرو کی ابتدائی قیمت تقریباً 2 لاکھ 9 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔کمپنی نے ان فونز کو ابتدائی طور پر چین میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، تاہم جلد ہی انہیں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔