ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا ڈویژن اسٹار لنک اسمارٹ فون کنیکٹیویٹی کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔
اسپیس ایکس کی جانب سے "ڈائریکٹ ٹو سیل" نامی سیٹلائٹ سروس کے ذریعے صارفین آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سے زمین کے کسی بھی کونے سے کہیں بھی کال کرسکیں گے۔اس سروس کی خاص بات یہ ہے کہ اسمارٹ فونز میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ بس ڈیوائس میں ایل ٹی ای سپورٹ ہونا ہی کافی ہوگا۔ یہ سروس موبائل رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی، کیونکہ آپ زمین کے ان علاقوں سے بھی کالز کرسکیں گے جہاں ابھی موبائل فون استعمال کرنا ممکن نہیں۔ صحرا کے وسط میں، سمندر کے درمیان یا کسی جنگل کی گہرائی میں، آپ کہیں سے بھی اس سیٹلائٹ سروس کے ذریعے رابطہ کرسکیں گے۔
اس سروس کے لیے سیٹلائٹس میں ایسے موڈیم نصب کیے گئے ہیں جو انہیں کسی موبائل ٹاور کی طرح کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور وہ خلا سے براہ راست اسمارٹ فونز میں فون سگنل بھیجتے ہیں۔ اسپیس ایکس کی جانب سے امریکی ادارے فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا کہ اس سروس کی آزمائش اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنیوں جیسے ایپل اور گوگل کے فونز میں کی گئی اور یہ سروس کامیاب ثابت ہوئی۔اسٹار لنک نے اس نئی سیٹلائٹ سروس کو تجارتی پیکج کے طور پر شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس کی قیمتوں کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔ اسٹار لنک کی جانب سے امریکا، جاپان، یوکرین اور نیوزی لینڈ سمیت 8 ممالک کے ساتھ اس سروس کو متعارف کرانے کے لیے معاہدے کیے گئے ہیں۔
یوکرین ان اولین ممالک میں سے ایک ہوگا جہاں یہ سروس متعارف کرائی جائے گی۔ اسی مقصد کے لیے یوکرین کے موبائل آپریٹر Kyivstar نے اسٹار لنک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ڈائریکٹ ٹو سیل سیٹلائٹ سروس متعارف کرائی جاسکے۔ یوکرین میں یہ سروس 2025 کی آخری سہ ماہی میں فعال ہونے کی توقع ہے۔ آغاز میں اس سروس میں میسجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی اور بعد ازاں وائس اور ڈیٹا سروسز کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔