انتہا پسند عناصر انسانی حقوق پر یقین نہیں رکھتے تھے‘آپریشن امن و امان قائم رکھنے کے لئے کیا
ٹی ایل پی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے اپنی تقاریر میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں :وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے مرید کے آپریشن سے متعلق معلومات کو چھپانے کے انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے دعووں کو مسترد کر دیا۔رپورٹ کے مطابق عظمی بخاری نے کہا حکومت نے ٹی ایل پی کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کرنے سے باز رکھنے کی سنجیدہ کوششیں کیں، لیکن تنظیم نے تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ آپریشن امن و امان قائم رکھنے کے لیے کیا، کیونکہ مارچ کے شرکا نے تمام اہم راستے، بشمول جی ٹی روڈ، ٹریفک کے لیے بند کر دیے تھے۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ایچ آر سی پی نے خود اپنے بیان میں ٹی ایل پی کی نفرت انگیز تقاریر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ بات آپریشن تک نہ پہنچے اور یہ صورتحال پیدا نہ ہو، لیکن انتہا پسند عناصر انسانی حقوق پر یقین نہیں رکھتے تھے۔عظمی بخاری نے الزام لگایا کہ ٹی ایل پی کے رہنماں اور کارکنوں نے اپنی تقاریر میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کچھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔