فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں، ہوا تو چھپائیں گے نہیں بیرسٹرگوہر

 مخالفین کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں‘ بہتر ہے صلح صفائی ہو لیکن حکومت ایک طرف ہاتھ ملائے دوسرے سے مکا مارے تو حالات بہتر نہیں ہوں گے
8  فروری ہمارا علامتی دن ہے، اس دن ہمارا مینڈیٹ چوری ہوگیا تھا، ہم 8 فروری کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ‘ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا
راولپنڈی(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے  مخالفین کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں بہتر ہے صلح صفائی ہو لیکن حکومت ایک طرف ہاتھ ملائے دوسرے سے مکا مارے تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں اگر ہوا تو چھپائیں گے نہیں۔راولپنڈی میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا  خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات نہیں لگنے چاہئیں، حکومت خیبرپختونخوا کو بھی ایسے کام نہیں کرنے چاہئیں، جس سے ان پر الزامات لگ جائیں اور جو لوگ الزامات لگاتے ہیں ان سے گزارش ہے ثبوت بھی لائیں۔انہوں نے کہا  عدلیہ سے درخواست ہے لوگوں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملنا چاہیے، جب انصاف کے دروازے بند ہوجاتے ہیں تو لوگ قانون ہاتھ میں لیتے ہیں، انصاف کی عدم فراہمی پر لوگ لنچنگ اور خانہ جنگی کی طرف جاتے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آپ کب تک سپرمین اور ونڈر بوائز کے انتظار میں رہیں گے، عدلیہ خدا کے لیے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات سنیں اور انصاف کریں، بشری بی بی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں پھر ان کو کیوں سزا دی گئی۔علامہ راجہ  ناصرعباس اور محمود خان اچکزئی پر اب بڑی ذمہ داری ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گریبانوں سے ہاتھ نکالنا ہوگا، گریبانوں میں ہاتھ ڈال کے کچھ حاصل نہیں ہوگا، ہم سب کو اپنی انا ختم کرنی ہوگی، ہم سمجھتے ہیں  محمود اچکزئی موثر کردار ادا کریں گے۔8  فروری ہمارا علامتی دن ہے، اس دن ہمارا مینڈیٹ چوری ہوگیا تھا، ہم 8 فروری کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، ہماری اپیل ہے لوگ شٹر ڈائون  اور پہیہ جام کریں۔