امریکا جن ہتھیاروں کی واپسی چاہتا ہے، وہ وہی ہیں جو اسرائیل کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں،تھامس براک
واشنگٹن(آئی این پی )امریکا کے خصوصی ایلچی برائے شام و لبنان تھامس براک نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن لبنانی حکومت پر کوئی چیز مسلط نہیں کر رہا، حزب اللہ کو اسلحہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کا خوف ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل سکتا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام کے ساتھ تعلقات کی بہتری پر بریفنگ کے دوران تھامس براک نے کہا کہ موجودہ لبنانی حکومت بدعنوان نہیں ہے، حزب اللہ سے اسلحہ چھیننے کی کوشش یا حکومت کی طرف سے ایسا کوئی اقدام ممکنہ طور پر ملک میں خانہ جنگی کو جنم دے سکتا ہے۔برا نے حزب اللہ کے مسلح دھڑے کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا اور کہا کہ یہی گروہ لبنان کے لیے مسائل کھڑے کر رہا ہے، امریکا جن ہتھیاروں کی واپسی چاہتا ہے، وہ وہی ہیں جو اسرائیل کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔