ہماری جماعت کا نظریہ پاکستان، عدل و مساوات، اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہے
عوام کی امیدوں کا مرکز بنیں گے‘مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرینگے:شیخ مختار ‘طاہر کھوکھر
اسلام آباد(آئی این پی ) ملک میں ایک نئی سیاسی جماعت پاسبان وطن پاکستان نے باقاعدہ طور پر سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا۔پارٹی کے چیئرمین شیخ مختار احمد اور مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے افتتاحی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے جامع منشور پیش کیا۔ نئی سیاسی جماعت کے قائدین نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز بنیں گے اور ہم محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے، موجودہ پارلیمانی نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور ہم صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ مختار احمد او محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ آج ہمارا وطنِ عزیز پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے جہاں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غربت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے، بے روزگاری نوجوانوں کی امنگیں نگل رہی ہے اور ملک مسلسل معاشی و سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔