ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں 4 رنز سے شکست، فائنل کی دوڑ سے باہر

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں 4 رنز سے شکست، فائنل کی دوڑ سے باہر

عجمان: ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکس مرحلے کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔

عجمان کے کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔سری لنکا کی جانب سے امیشا دولانی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ویشمی گنارتنے 30 جبکہ سنجنا کاوندی 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام

141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی۔ قومی ٹیم کو آخری اوورز میں تیز رفتار رنز کی ضرورت تھی، تاہم کھلاڑی ہدف تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔پاکستان کی جانب سے عمیمہ سہیل نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ طوبیٰ حسن نے 24 رنز بنائے۔ تسمیہ رباب نے آخری لمحات میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 23 رنز اسکور کیے، تاہم ان کی یہ کوشش بھی پاکستان کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔سری لنکا کی جانب سے ستھیا سندیپانی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا، جبکہ سوگاندیکا کماری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ملکی مدارا اور نیلاکشیکا سلوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر

اس شکست کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 4 ہی رہی اور قومی ٹیم ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔