آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی

آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی

آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

دی اوول میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 125 رنز تک محدود رکھا اور مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر سات اوورز قبل ہی حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم نے گزشتہ چند عالمی ایونٹس کے سیمی فائنلز میں ناکامیوں کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔میچ کی بہترین کھلاڑی ایش گارڈنر نے دو وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 20 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ایش گارڈنر کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گزشتہ عالمی ٹورنامنٹس کی مایوسی کو پسِ پشت ڈال کر اس بار اجتماعی کارکردگی پر توجہ دی، جہاں ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی۔

بیتھ مونی نے ناقابلِ شکست 61 رنز اسکور کیے اور کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بڑے مقابلوں میں دباؤ سے نمٹنے کے لیے خصوصی تیاری کی تھی، جس کے مثبت نتائج سیمی فائنل میں نظر آئے۔دوسری جانب ایلس پیری معمولی ران کی تکلیف کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوئیں، تاہم بیتھ مونی کے مطابق انہیں احتیاطاً میدان سے باہر بھیجا گیا تاکہ وہ فائنل کے لیے مکمل فٹ رہیں۔آسٹریلیا اب بھرپور اعتماد کے ساتھ لارڈز میں ہونے والے فائنل میں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اترے گا۔