امریکا مذاکرات کی آڑ میں حملے کی تیاری کررہا ہے، ایران نے الزام عائد کردیا

امریکا مذاکرات کی آڑ میں حملے کی تیاری کررہا ہے، ایران نے الزام عائد کردیا

تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تہران کسی ممکنہ امریکی حملے کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے خود فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی کارروائی کا جواب دے گا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافے اور ایران امریکا سفارتی مذاکرات کے متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کاظم غریب آبادی نے الزام عائد کیا کہ امریکا سفارتی مذاکرات کو ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تیاری کے لیے وقت حاصل کرنے کی غرض سے استعمال کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران واشنگٹن کے ارادوں کے حوالے سے محتاط ہے اور سفارتی عمل کو کسی ممکنہ فوجی کارروائی سے الگ کرکے نہیں دیکھ رہا۔ غریب آبادی کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کا اسٹرائیک گروپ بھی خطے میں پہنچ گیا ہے، جہاں دو دیگر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پہلے سے موجود ہیں۔ اس پیش رفت نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا کردیے ہیں۔

 ایرانی نائب وزیر خارجہ نے جوہری تنصیبات کے معائنے کے معاملے پر بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو ایران کی جوہری تنصیبات تک اس وقت تک رسائی نہیں دی جائے گی جب تک تہران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں اور جنگ کا مستقل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔غریب آبادی کے مطابق امریکا کو پہلے قابلِ اعتماد ضمانتیں فراہم کرنا ہوں گی کہ ایران کی شرائط پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران امریکا کم از کم تین مرتبہ اپنے وعدوں اور مؤقف سے پیچھے ہٹ چکا ہے، جس کے باعث واشنگٹن پر اعتماد کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

  انہوں نے مزید کہا کہ ایران سفارت کاری کے راستے کو مسترد نہیں کرتا، تاہم کسی بھی معاہدے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور ایران کے تحفظات دور کرے۔ ان کے مطابق تہران اپنی سلامتی اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔دوسری جانب جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ متاثرہ جوہری تنصیبات تک معائنہ کاروں کی رسائی بحال کرے۔ ادارے کے مطابق معائنوں کی عدم موجودگی میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات کی تصدیق متاثر ہورہی ہے۔