اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آگئی، بشریٰ بی بی نے آنکھوں کے علاج اور ممکنہ سرجری کے لیے اسپتال منتقلی کی غرض سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت سے ان کا مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے اور علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات بروقت فراہم کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں میں تکلیف اور دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی طبی حالت کے پیش نظر ضروری نگہداشت اور علاج کے لیے انہیں فوری طور پر کسی مستند اور خصوصی طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔درخواست گزار کے مطابق 10 نومبر کو جیل میں ہونے والی ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ بعد ازاں بشریٰ بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھوں کی سرجری کے بارے میں بھی بتایا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں میں تکلیف کی شکایت کے تقریباً سات سے آٹھ روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے طبی معائنہ کیا۔ بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کی آنکھ کی اہم نوعیت کی سرجری کی جائے گی، تاہم انہیں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ اس سرجری کے نتیجے میں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کے مکمل طبی معائنے اور علاج کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں، طبی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے اور سرجری سمیت تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔