پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دو ماہ سے جاری طلبہ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے 10 ہائی اسکولوں اور 5 جامعات کے اطراف مظاہروں اور احتجاجی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پیرس پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیر سے جمعہ تک مذکورہ تعلیمی اداروں کے اطراف 100 میٹر کے دائرے میں بغیر اجازت اجتماعات اور احتجاجی مارچ کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی اور اداروں کے داخلی راستوں کو احتجاج کے باعث بند ہونے سے بچانا ہے۔رپورٹ کے مطابق طلبہ نے ستمبر کے وسط میں کلاس رومز کی ناقص سہولیات اور تعلیمی مسائل کے خلاف احتجاج کا آغاز کیا تھا۔ مظاہرین نے مختلف اسکولوں کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی، جس کے بعد یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی احتجاجی تحریک میں شامل ہوگئے۔ابتدائی طور پر تعلیمی اداروں تک محدود رہنے والا احتجاج بعد ازاں فرانس کے دیگر علاقوں تک پھیل گیا۔
اس دوران طلبہ کے احتجاج کا دائرہ مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے خلاف مزدور یونینز کے مظاہروں سے بھی جڑ گیا، جس کے باعث احتجاجی سرگرمیوں میں مزید شدت آگئی۔پیرس پولیس چیف پیٹریس فاؤر کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک ایک ہزار 548 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ متعدد سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔پولیس چیف نے اپنے حکم نامے میں مؤقف اختیار کیا کہ تعلیمی اداروں کی ناکہ بندی اکثر طلبہ کی ایک چھوٹی سی اقلیت کی جانب سے کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں دیگر طلبہ تعلیم حاصل کرنے اور کلاسوں میں شرکت کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔