آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے پیش نظر، اڈیالہ جیل کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے گورکھ پور سے داہگل ناکہ تک تمام تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جا سکے۔سیکورٹی کے لیے دو شفٹوں پر مشتمل خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت 20 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور 8 ڈی ایس پیز، جن میں 2 ایس پیز خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ہیں، نگرانی کریں گے۔ اڈیالہ جیل کے اطراف 1200 سے زیادہ اہلکار و افسران تعینات ہیں، جن میں 48 خواتین کمانڈوز، 6 لیڈی انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، رینجرز، پنجاب کانسٹبلری، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس بھی امن و امان قائم رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہی ہے۔ پولیس کو اینٹی رائٹ سامان فراہم کر دیا گیا ہے، اور ان تمام سیکورٹی اقدامات کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کر رہی ہیں۔ یہ سخت حفاظتی انتظامات اس اہم ملاقات کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔