لاہور: پاکستانی پولو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نائیجیریا کو 5 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے کر 13ویں پولو ورلڈ کپ 2027 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
قومی ٹیم نے کوالیفائرز میں مسلسل فتوحات حاصل کرکے عالمی ایونٹ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔تفصیلات کے مطابق نائیجیریا میں جاری پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان، بھارت، ایران اور میزبان نائیجیریا کی ٹیمیں شریک تھیں۔ پاکستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ایران کو 6 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔پاکستانی پولو ٹیم نے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو بھی شکست سے دوچار کیا۔ قومی ٹیم نے بھارت کے 4.5 گول کے مقابلے میں 7 گول کرکے کامیابی حاصل کی اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔
کوالیفائرز کے اہم مقابلے میں پاکستان نے میزبان نائیجیریا کے خلاف بھی بہترین کھیل پیش کیا اور 5 کے مقابلے میں 9 گول سے کامیابی حاصل کرکے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرلی۔نائیجیریا میں پولو ورلڈ کپ کے کوالیفائرز 9 سے 16 نومبر 2026 تک جاری رہے، جہاں پاکستانی ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے ذریعے عالمی مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا۔واضح رہے کہ 13واں پولو ورلڈ کپ فروری 2027 میں یوراگوئے میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کی قومی ٹیم بھی عالمی اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اترے گی۔