موٹر سائیکل حادثات 79 فیصد، 876 افراد شدید زخمی، لاہور سرفہرست
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1504 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 876 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 937 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ان حادثات میں موٹر سائیکلوں کے حادثات کی شرح 79 فیصد رہی۔ ریسکیو حکام کے مطابق روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کی تفصیلات کے مطابق ان حادثات میں 1005 ڈرائیورز، 72 کم عمر ڈرائیورز، 651 مسافر اور 180 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 265 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور 332 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 105 حادثات اور 121 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ ملتان 93 حادثات اور 108 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ان ٹریفک حادثات کے مجموعی 1836 متاثرین میں 1437 مرد اور 399 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 391 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 929 افراد کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 516 زخمیوں کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔ ان حادثات میں 1595 موٹر سائیکلیں، 83 آٹو رکشے، 162 کاریں، 35 وینز، 22 مسافر بسیں، 43 ٹرک اور 74 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔