حادثات :رواں سال 237 افراد جاں بحق

 80 فیصد حادثات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث ہوئے، نوجوان سب سے زیادہ متاثر
 لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی یاد کے عالمی دن پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن کا مقصد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرنا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر ٹریفک حادثے کے پیچھے ایک انسانی المیہ اور کئی متاثرہ خاندانوں کی کہانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات محض قسمت کا نتیجہ نہیں ہوتے بلکہ کہیں نہ کہیں غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ بھی ان کا سبب بنتی ہے۔ دہشت گردی کے مقابلے میں ٹریفک حادثات میں زیادہ جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ سی ٹی او کے مطابق لاہور میں سال 2026 کے دوران ٹریفک حادثات میں 237 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 80 فیصد حادثات ٹریفک قوانین کو نظرانداز کرنے کے باعث پیش آتے ہیں۔ حادثات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد کی عمریں 21 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔