فتح جنگ کے قریب بس الٹنے سے 10افراد، نوشہروفیروز میں شادی سے واپسی پر 8افراد جاں بحق
لاہور، اسلام آباد،اٹک،نوشہروفیروز،گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک)شدید دھند کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر بند، ٹریفک حادثات میں 27افراد جاں بحق ہوگئے، پنجاب کے ضلع اٹک کے شہر فتح جنگ کے قریب موٹروے پر تیز رفتار بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ ڈیر اسمعیل خان موٹروے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب ڈرائیور کی غفلت کے باعث تیز رفتار بس الٹ گئی، بدقسمت بس بہاولپور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھی، حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ،تمام لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال فتح جنگ منتقل کردیا۔جبکہ حادثے کے بعد موٹر وے حکام نے نجی کمپنی کی موٹر وے پر سروس کو تاحکم ثانی معطل کر دیا ،ادھر نوشہروفیروز میں مورو قومی شاہراہ پرمسافر وین اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاندان کے 7افراد سمیت 8جاں بحق اور گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے دس زخمیوں کی تشویشناک حالت میں نواب شاہ ہسپتال منتقل کیا گیاہے۔حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق تگربرادری سے ہے،حادثے کا شکار ہونے والے حیدرآباد میں رشتہ دار کی شادی کی تقریب سے واپس نوشہروفیروزکے نواحی گائوں فاضل تگر آرہے تھے کہ تیز رفتاری اور دھند کے باعث حادثے کا شکار ہوگئے،پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور فرار ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ گوجرانوالہ میں نالہ پلکھوکے نزدیک موٹرسائیکل پرسوار 4افراد آگے جانے والے ٹریکٹرٹرالی سے ٹکر ا گئے جس کے نتیجہ میں 25سالہ صابر ،19 سالہ عبدالرحمن جاں بحق اور بیس سالہ طارق صفدر،45سالہ احمدشدیدزخمی ہوگئے۔گوجرانوالہ ہی میں کینال ویوروڈ پردھندکے باعث کاراورموٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں دو بھائی 14سالہ ابرار اور 25سالہ وقار جاں بحق ہوگئے جبکہ 24سالہ عدنان د شدید زخمی ہوگیا۔ وزیرآباد کے علاقہ اندرون جی ٹی روڈ پر گیمن پل کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سوار چار محنت کش افراد کو روند ڈالا جس سے 3افراد راجن پور کا صابر،وزیرآباد کے نواحی گائوں لویری والا کا مستری عبدالرحمن اور علی نگر کا مستری احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ راجن پور کا نوجوان طارق شدید زخمی ہوگیا۔ کوٹ ادو میں لنگرسرائے کے قریب دھند کے باعث ٹریکٹرٹرالی،منی ٹرک اورمسافرکوچ آپس میں ٹکراگئے،حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، دوافراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیاگیا۔شور کوٹ کینٹ روڈ پر موٹروے انٹرچینج کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ 31 سالہ محمد رمضان سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،جاں بحق شخص کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں ضلع جھنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ہائی روف میں ٹکر کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے، ابتدائی اطلاعات میں ہائی روف کے بریک فیل ہونا حادثے کی وجہ بتایا جا رہا ہے،حادثے میں زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ متاثرہ گاڑی فیصل آباد سے فتح پور کی جانب جا رہی تھی۔ لودھراں میں مخدوم والی کے قریب ملتان جاتے ہوئے گاڑی اور ٹریکٹرٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ دلاورٹائون کے قریب ٹرک اورکارمیں تصادم کے نتیجے میں ایس ایچ اوغلام نبی بجارانی زخمی ہوگیا، حادثہ دھند کے باعث پیش آیا ہے۔ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینارانٹر چینج ، موٹروے ایم 3 سمندری سے فیض پور ، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان ،موٹروے ایم 5 پر شیرشاہ سے ظاہر پیرتک ٹریفک کے لئے بند رکھی گئی ، سیالکوٹ موٹر وے کو بھی دھند کی وجہ سے بند رکھا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔، شہراورمضافات میں حدنگاہ 50 میٹرتک رہ گئی،محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،ملتان اورگردونواح میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔