سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت، دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) سندر کے علاقے میں کار سوار شہریوں کا راستہ روک کر مبینہ تشدد کرنے اور گاڑی توڑنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار سوار شہریوں کا راستہ روک کر ڈنڈوں اور مکوں سے حملہ کیا اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔ ملزمان پر شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت افتخار اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سندر میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 147، 149، 427 اور 506 شامل کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور میں غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا کلچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔