لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کی مرکزی صدر شعبہ خواتین فریال تالپور کی گورنر ہاؤس میں کارکنوں سے ملاقات ہوئی۔ فریال تالپور نے پیپلز پارٹی لاہور کے رہنماؤں اور کارکنوں کو باہمی اختلافات ختم کر کے متحد ہونے کی ہدایت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ فریال تالپور نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیمِ نو، صوبے میں پارٹی کی مجموعی سیاسی و تنظیمی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر محترمہ فریال تالپور نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی عوامی خدمات اور گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کو حقیقی معنوں میں عوامی گورنر ہاؤس دیکھ کر خوشی ہوئی۔ پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور اس کے کارکن ہی اس کا اصل سرمایہ ہیں۔فریال تالپور نے کہا کہ پارٹی عہدیداران، کارکنان اور جیالے خود کو تنہا نہ سمجھیں، سب متحد ہو کر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔