لاہور کے علاقے لوہاراں والا کھو، ملتان روڈ پر ٹریفک حادثے میں 65 سالہ بزرگ خاتون جاں بحق ہوگئی۔
تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والی خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک حادثہ ملتان روڈ پر لوہاراں والا کھو کے قریب پیش آیا، جہاں ایک بزرگ خاتون سڑک عبور کر رہی تھیں کہ اسی دوران تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ خاتون جانبر نہ ہوسکیں۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت 65 سالہ مقصودہ بی بی زوجہ نذیر کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد خاتون کی لاش پولیس کے حوالے کردی۔