عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

 عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں رواں سال کی آخری سہ ماہی کے دوران طلب کے مقابلے میں سپلائی بڑھنے کی توقع اور چین میں آئل ریفائنریوں کی پیداوار میں کمی شامل ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کے روز عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 54 سینٹ یعنی 0.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 95.30 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 22 سینٹ یعنی 0.3 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 88.34 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کے راستے مشرق وسطیٰ سے تیل کی ترسیل تقریباً جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہونے اور چین میں خام تیل کی طلب میں کمی کے اشاروں نے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی سطح پر تیل کی سپلائی یومیہ 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جو متوقع عالمی طلب سے یومیہ 17 لاکھ بیرل زیادہ ہوگی۔

ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں بحالی کی رفتار عالمی طلب میں اضافے سے زیادہ ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی اضافی سپلائی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ طلب اور رسد کے درمیان اس فرق کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی بھی ہوسکتی ہے۔دوسری جانب دنیا میں خام تیل کے دوسرے بڑے صارف چین میں بھی تیل کی طلب کم ہونے کے آثار سامنے آئے ہیں۔ چین کے قومی ادارہ شماریات کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر کے دوران ریفائنریوں میں خام تیل کی پراسیسنگ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد کم رہی، جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اگر عالمی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر سمیت دیگر عوامل بھی سازگار رہے تو آئندہ قیمتوں کے تعین میں پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان ہے۔