آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وادی نیلم کے بالائی علاقوں نے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے آخری گاؤں تاوبٹ میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گر گیا، جس کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ وادی نیلم کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب دارالحکومت مظفرآباد میں موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت دھوپ نکلنے سے موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو سردی کی شدت میں کچھ کمی محسوس ہوسکتی ہے۔

ادھر حالیہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہونے والی سڑکیں بحال کردی گئی ہیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کے بعد آمدورفت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔انتظامیہ نے وادی نیلم اور وادی لیپہ کا رخ کرنے والے سیاحوں اور مسافروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق پہاڑی راستوں پر برفباری اور بارش کے باعث پھسلن کا خطرہ موجود ہے، لہٰذا ڈرائیورز محتاط انداز میں سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔