پی پی کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی، سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کا راستہ بات چیت ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوں گی تو ن لیگ بھی ساتھ بیٹھے گی، نئے صوبوں کے معاملے پر کنفیوژن نہیں بس تاخیر ہے، پیپل پارٹی کے ساتھ تاحال کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے، ابھی تک نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں سنجیدہ بحث نہیں ہورہی، وزیراعظم نے متعدد مواقع پر اپوزیشن رہنماں کو مذاکرات کی دعوت دی، مگر اب تک جواب نہیں ملا۔سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کا راستہ بات چیت ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں 20 ارکانِ قومی اسمبلی اور 10 سینیٹرز شامل ہوں گے، حکومتی اتحادی جماعتیں کمیٹی کیلئے اپنے نام دے چکی ہیں، اپوزیشن کے ارکان کے نام آنا باقی ہیں، اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں 5 ارکانِ قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز شامل ہوں گے، کمیٹی میں آئندہ انتخابات کو غیر متنازع بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، انتخابی اصلاحات کمیٹی ایسا فورم ہے جہاں دیگر قومی معاملات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو کم از کم ایک میز پر بیٹھ کر گفتگو کا ماحول پیدا کرنا چاہیے، نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کنفیوژن نہیں ہے بلکہ اس پر سیاسی بحث ابھی شروع نہیں ہوئی، نئے صوبوں کے قیام پر عملی پیش رفت سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے کر سکتی ہیں