اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت کے تعین پر وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔گندم کی قیمت کا تعین کسانوں کی پیداواری لاگت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔ گندم مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اعلی سطحی اجلاس وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا، جس میں گندم کی قیمت، کسانوں کے مفادات، خریداری کے نظام، پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ یقینی بنانے کے لیے مؤثر سپورٹ پرائس ضروری ہے۔ گندم کی قیمت کا تعین کسانوں کی پیداواری لاگت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔