فریال تالپور کا دورہ لاہور بدانتظامی، رابطوں کے فقدان کی نذر

 انتظامات میں ابہام، عہدیدار کی برطرفی نے تنظیمی ہم آہنگی پر سوالات اٹھا دیئے
 لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کا دورہ لاہور بدانتظامی، تنظیمی اختلافات اور رابطوں کے فقدان کے باعث تنازعات کا شکار ہوگیا۔ دورے کے دوران صوبائی و مقامی تنظیموں کے درمیان رابطوں کی کمی، پروگراموں کی ذمہ داریوں میں ابہام، کارکنوں کا احتجاج اور میڈیا سے ملاقاتوں میں مبینہ پسند و ناپسند کے معاملات سامنے آئے۔تفصیلات کے مطابق پارٹی دفتر میں ناشتے کے موقع پر غیر متعلقہ افراد کی آمد سے بدنظمی پیدا ہوئی اور سکیورٹی اہلکاروں کو انہیں باہر نکالنا پڑا۔ دوسری جانب فریال تالپور کے مختلف پروگراموں کے انتظامات متعدد افراد کے پاس ہونے جبکہ بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والی سرگرمیوں سے پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کے لاعلم ہونے کے باعث مرکزی اور صوبائی سطح پر رابطوں کے فقدان کی نشاندہی ہوئی۔میڈیا رابطوں کے حوالے سے بھی اختلافات سامنے آئے۔ سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اطلاع پنجاب کے میڈیا سیل کے بجائے کراچی سے جاری کی گئی، جبکہ صحافیوں اور ٹی وی اینکرز سے ملاقات میں مبینہ طور پر پسندیدہ افراد کو ترجیح دینے اور اہم میڈیا چینلز کے نمائندوں کو نظرانداز کرنے کی شکایات سامنے آئیں۔ادھر کارکنوں نے صوبائی دفتر کے باہر پنجاب قیادت کے خلاف احتجاج کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ پارٹی قیادت دورے کو سیاسی سرگرمیوں میں اضافے کا ذریعہ قرار دے رہی ہے، تاہم انتظامی بدنظمی، کارکنوں کے احتجاج اور میڈیا رابطوں سے متعلق شکایات نے پیپلز پارٹی پنجاب کی تنظیمی ہم آہنگی اور دورے کی تیاریوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔