ملکی استحکام و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے: حنیف عباسی

لاہور ریلوے سیکشن کو ملازمین کی محنت، لگن، حکمت عملی کے باعث 45 روز میں بحال کر دیا:وفاقی وزیر
لاہور (  مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ قومی مفادات ہر صورت سیاسی اور ذاتی مفادات پر مقدم ہونے چاہئیں اور ملکی استحکام و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ فیصل آباد۔لاہور ریلوے سیکشن کو پاکستان ریلوے کے ملازمین کی محنت، لگن اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے باعث صرف 45 روز میں بحال کر دیا گیا ہے۔فیصل آباد۔لاہور ریلوے سیکشن کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 جولائی 2026 کو سیلاب کے باعث اس سیکشن کی تقریباً 1500 فٹ پٹری بہہ گئی تھی۔ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے، فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے اور فنڈز کا انتظام کرنے سمیت تمام ضروری مراحل مکمل کرنے کے بعد 23 ستمبر کو بحالی کا کام شروع کیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 60 روز کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم ریلوے ٹیموں نے اسے 45 روز میں مکمل کر لیا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے اصل ہیرو پاکستان ریلوے کے محنت کش ہیں جنہوں نے دن رات کام کرکے سیکشن کو دوبارہ فعال بنایا۔ انہوں نے مزدوروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے بحالی کے منصوبے میں حصہ لینے والے کارکنوں کے لیے خصوصی نقد انعامات کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے ملازمین کو کئی کئی ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم اب ملک بھر میں ملازمین کو بروقت تنخواہیں اور واجبات ادا کیے جا رہے ہیں۔ بحال ہونے والے سیکشن کا معیار انتہائی شاندار ہے اور یہ کامیابی کسی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری یا غیر معمولی مالی وسائل کے بغیر بہتر انتظامی حکمت عملی اور ملازمین کی محنت سے حاصل کی گئی ہے۔