ڈیڑھ سو گنا بڑا دشمن بھی پاکستان کے دفاعی عزم اور طاقت کے سامنے ناکام ہوا
غیر ملکی سربراہان بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور افواج پاکستان کی بہادری کے معترف ہیں
راولپنڈی (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا محفوظ ترین ملک ہے، ملکی سلامتی ہر ذاتی، مالی اور سیاسی مفاد سے بالاتر ہے۔ قومی سلامتی، ایٹمی صلاحیت، شہداء کی قربانیوں اور قومی یکجہتی نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔ 10 مئی کے دفاعی معرکے میں پاک فضائیہ نے اپنی برتری ثابت کی، اب کوئی پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کر سکتا۔وہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے سالانہ اسٹوڈنٹس ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سے 150 گنا بڑا دشمن بھی پاکستان کے دفاعی عزم اور طاقت کے سامنے ناکام ہوا، غیر ملکی سربراہان بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور افواج پاکستان کی بہادری کے معترف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ان کی خدمات اور قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا 1998ء میں ایٹمی دھماکوں کا جرات مندانہ فیصلہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ان کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ پاک فوج کے افسران اور جوان ذاتی آسائشیں اور کروڑوں کی جائیدادیں چھوڑ کر وطن کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت قومی یکجہتی ہے، بلوچ، پختون، کشمیری، پنجابی، سرائیکی اور سندھی سب ایک قوم ہیں۔ ہمیں قومی اتحاد اور ملکی سلامتی کو ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے بارانی یونیورسٹی کے لیے ترقیاتی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے لیے 25 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ طالبات کے تحفظ اور سہولت کے لیے رواں مالی سال کے دوران جدید گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، جبکہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس ایرینا بھی تعمیر کیا جائے گا، جس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بسوں کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کریں گے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ اعلان کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں 80 نئی بسیں چلانے کا منصوبہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کل راولپنڈی میں بس سروس کا افتتاح کریں گی۔حنیف عباسی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اصغر مال کے قریب 400 بستروں پر مشتمل جدید چلڈرن ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں میٹرو بس، جدید روڈ انفراسٹرکچر اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں پر کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کی سہولت کا قیام ان کا خواب تھا جو اب حقیقت بن رہا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران راولپنڈی میں 12 لیور اور 10 کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے کیے جا چکے ہیں۔ ہر ٹرانسپلانٹ پر تقریباً 60 لاکھ روپے کے اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی اقدام کے تحت حکومت برداشت کر رہی ہے۔ پنجاب ڈومیسائل رکھنے والے شہریوں کو جگر، گردے اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ بارانی یونیورسٹی کا اسٹوڈنٹس ویک طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، قیادت اور کاروباری مہارتوں کے فروغ کا اہم موقع ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی نے وفاقی وزیر کی جانب سے ترقیاتی فنڈز اور مختلف سہولیات کے اعلانات کو یونیورسٹی کی تاریخ کا سنگ میل قرار دیا۔