انتظامی سربراہ میئر ہوگا، ضلع ہری پور، راولپنڈی ،مری کے علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کیا جائے گا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) صحافی وقار ستی کی جانب سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک اہم خبر کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور اس کا نیا انتظامی ماڈل متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مجوزہ منصوبے کے تحت دارالحکومت کی نہ صرف انتظامی ہیئت تبدیل کی جائے گی بلکہ اس کی جغرافیائی حدود میں بھی توسیع زیرِ غور ہے۔صحافی کی ایکس پوسٹ کے مطابق تیار کیے گئے مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کو خصوصی اسٹیٹس دے کر ایک مثالی انتظامی یونٹ بنایا جائے گا، اس نئے ڈھانچے کے تحت شہر کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا، جب کہ اس کے منتخب ارکان کی مجموعی تعداد 25 سے 30 تک رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ دارالحکومت کے بلدیاتی اور انتظامی امور کو ایک جدید اور بااختیار نظام کے تحت چلایا جا سکے۔