اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 15 برس سے زیرِ التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے، حکومت نے منصوبے کا افتتاح آئندہ ماہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے پر جاری کام اور باقی ماندہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماڈل جیل کے تعمیراتی کام، انتظامی معاملات اور افتتاح کی تیاریوں سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماڈل جیل منصوبے کے باقی ماندہ تمام کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں اور افتتاح سے قبل کسی بھی قسم کا کام نامکمل نہ چھوڑا جائے۔