پرامن، محفوظ اور جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل،پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70فیصد تک کمی کا رجحان خوش آئند ہے،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ منظم جرائم معاشرے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے سنگین خطرہ ہیں،انسانی اسمگلنگ، منشیات اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بین الاقوامی سطح پرہمہ قسم منظم جرائم کی روک تھام اور ان کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام کے لیے ہر سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔انسانی اسمگلنگ، منشیات اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون کی بالادستی، عوام کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔پرامن، محفوظ اور جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں تقریبا 70فیصد تک کمی کا رجحان خوش آئند ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طورپر 41فیصد،ڈیرہ غازی خان میں 16،بہاولپور میں 52، شیخوپورہ میں 32فیصد کمی آئی ہے۔ملتان میں جرائم میں مجموعی طور پر 47فیصد، راولپنڈی36،ساہیوال42،گوجرانوالہ میں 67 اور گجرات میں 58فیصد کمی آئی ہے۔پنجاب میں ڈسٹرکٹ سیف سٹی اتھارٹیز،موبائل پولیس سٹیشن اور ڈیجیٹل سمارٹ پولیسنگ سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔منظم جرائم کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس شیئرنگ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جرائم سے پاک معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔خواتین اور بچوں کو انسانی اسمگلنگ اور استحصال سے محفوظ بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔نوجوانوں کو منشیات اور جرائم پیشہ سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ہماری ترجیح ہے۔عوام میں شعور اور آگاہی منظم جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ محفوظ معاشرے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔جرائم کے خلاف جنگ میں عالمی اداروں اور متعلقہ ممالک کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔پرامن، محفوظ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔