پیپلزپارٹی سے معاہدوں پرعمل درآمد ہوتے نظر آنا چاہیے:گورنر پنجاب

پنجاب حکومت سے کوئی مسئلہ نہیں،صوبے میں خرابیوں کے نشاندہی میری ذمہ داری، مریم نوازمیری بہن ہیں
 سکولوں میں تعلیمی بہتری کے لیے بھرپورتوجہ اور موثر نگرانی کی ضرورت ،  سردارسیلم حیدرکی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )گورنرپنجاب سردارسیلم حیدرنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف میری بہن ہیں ،عزت واحترام کا رشتہ ہے تاہم صوبے میں خرابیوں کے نشاندہی میری ذمہ داری ہے، بلاول بھٹوکا یہ بیان درست ہے کہ( ن) لیگ اپنے وعدوں پرعمل نہیں کررہی، سموگ کے حوالے سے پنجاب میں بہت پہلے کام ہونا چاہیے تھے اس حوالے سے غفلت برتی گئی،سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کے لئے بھرپورتوجہ بل کہ موثر نگرانی کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پارلیمینٹ ہائوس کی جامع مسجد نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے حجرہ میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔خطیب مفتی احمدالرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔گورنرپنجاب سردارسیلم حیدرنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے صوبے تعلیم کے فروغ کے لئے کام کررہاہوں ،صوبائی معاملات میں وزیراعلیٰ اور گورنرپنجاب میں کوئی بڑااختلاف نہیں ہے ،پنجاب کا گورنر ہائوس آباد ہے، گورنرزہائوسز کے حوالے سے سب سے زیادہ سرگرمیاں پنجاب کے گورنرہائوس میں ہورہی ہیں ۔ پنجاب میں زرعی انکم ٹیکس کے نفاذسے متعلق ترمیمی بل صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد ابھی تک سمری گورنرہائوس نہیں آئی جب سمری آئے گی توپھردیکھاجائے گاکہ اس کی منظوری دینی ہے یانہیں تاہم یہ بات واضح ہے کہ پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔وزیراعلی پنجاب ہماری بہن ہیں میں ان کابہت احترام کرتاہوں مگر حکومتی پالیسیوں میںاگرکوئی خرابی ہوگی تومیں اس کی ماضی کی طرح نشاندہی کرتارہوں گا۔