مقبوضہ کشمیر :بھارتی پولیس کے منشیات کی فروخت و سمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف

 کانسٹیبل ہیروئن فروخت کرنے کے الزام میںگرفتار، گروہ جموں کے میڈیکل کالج اور ہسپتال سے آپریٹ کر رہا تھا
سری نگر(آئی این پی)مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی پولیس کے منشیات کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ حالیہ واقعہ میں جموں میں منشیات فروشوںکے گروہ میں ملوث بھارتی پولیس کانسٹیبل کو ہیروئن فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، یہ حیرت انگیز بات ہے کہ منشیات فروشوںکا یہ گروہ جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال سے آپریٹ کر رہا تھا۔منشیات کے انسداد کے ادارے کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکار ایک ایسے گروہ کا حصہ تھے جو نوجوانوں کو نشے کا عادی بنا کر فائدہ اٹھا رہا ہے، جس سے علاقے میں زیادہ مقدار لینے کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔یہ بھی پتا چلا ہے کہ یہ منشیات کا گروہ بھارت کے اندر سے کنٹرول کیا جا رہا ہے، ایس پی سٹی نارتھ برجیش شرما اس کیس کی تفتیش کر رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل شدہ جائیدادوں کی نشاندہی کی جا سکے اور ان اثاثوں کو ضبط کیا جائے۔