منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 10 ملزم گرفتار

تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران منشیات برآمد ہوئی 
لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 کارروائیوں میں خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کروڑ 46 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 63 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد پر موٹر سائیکل سوار سے 1 کلو ہیروئن، پونچھ ڈسٹرکٹ راولاکوٹ میں 250 گرام آئس اور 6 گرام کوکین، گولڑہ موڑ اسلام آباد میں 1200 گرام چرس اور 5 گرام کوکین، مندرہ راولپنڈی میں 1200 گرام چرس برآمد کی گئی۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والی خاتون کے سامان سے 192 گرام آئس، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 378 گرام آئس کیپسول اور کارگو شیڈ سے برطانیہ جانے والے پارسل سے 22 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ سوہاوہ میں کوریئر آفس سے 5.550 کلو آئس اور خانوزئی بازار پشین میں 45.200 کلو افیون برآمد کی گئی۔ دیپالپور روڑ قصور کے قریب ٹرک سے 9 کلو ہیروئن برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔