صدر زرداری کے قتل کی سازش کاکیس ‘ شیخ رشید بری

  اللہ تعالی کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں
حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا  ہے‘ہو سکتا ہے قومی حکومت وجود میں آ جائے
 اسلام آباد (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک  )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود نے شیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، شیخ رشید کے خلاف سازش، عوام کو اکسانے کی دفعات مقدمہ میں لگائی گئی تھیں۔گزشتہ روز  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔بعدازاں شیخ رشید احمد کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آج اللہ تعالی کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں، ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے‘اب گولی اندر چوہا جالندھر ہوگیا‘ہو سکتا ہے قومی حکومت وجود میں آ جائے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں۔