دفعہ 144کی خلاف ورزی کیس : عمران خان‘شیخ رشید‘اسد قیصر بری

 سیف اللہ نیازی، صداقت عباسی، فیصل جاوید اور علی نواز کو بھی مقدمے سے بری کردیا گیا

 اسلام آباد (آئی این پی    )بانی پی ٹی آئی کو ایک اور عدالتی ریلیف  مل گیا، دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ میں  بانی پی ٹی آئی عمران خان ‘ شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا گیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں دفعہ 144، ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی و دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی، اسد قیصر، سیف اللہ نیازی، شیخ رشید، صداقت عباسی، فیصل جاوید اور علی نواز کو مقدمے سے بری کردیا۔بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف 20 اگست 2022 کو تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔