رواں سال بھکاریوں کا گھیرا تنگ

پنجاب سیف سیٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ور گداگروں پر مسلسل نظر رکھی جائے:سی سی پی او بلال
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے رواں سال بھکاریوں کے منظم گروہوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 2195 پیشہ ور گداگر وں کوگرفتار کر کے2170مقدمات درج کئے گئے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 2083مرد،100عورتیں جبکہ12سہولت کار شامل ہیں۔ سٹی ڈویڑن میں 527ملزمان، کینٹ میں 474، سول لائنز میں 272،صدرمیں 249، اقبال ٹاؤن میں 232 اور ماڈل ٹاؤن میں 441 پیشہ وربھکاری گرفتارکئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں انسداد گداگری کے لئے بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ گداگری پر زیرو ٹالرنس ہے، لاہور کو اس سماجی لعنت سے پاک کریں گے۔سی سی پی او لاہور نے گداگروں کے بھیس میں منشیات فروش و دیگر جرائم پیشہ افرادکے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور عورتوں سے بھیک منگوانے والے منظم گروہوں اور سہولت کاروں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورواورمحکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیموں کے ساتھ مل کر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہم شاہراؤں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار گداگروں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے انوسٹی گیشن ونگ متحرک کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیف سیٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ور گداگروں پر مسلسل نظر رکھی جائے۔